بھٹکل 13 ؍ستمبر (ایس او نیوز) بنگلورو میں ڈرگ مافیا اور کنڑا فلم انڈسٹری ’سینڈل ووڈ‘ کا گٹھ جوڑ سامنے آنے کے بعد ریاست بھر میں منشیات کے خلاف پولیس جو کارروائی کررہی ہے اس کے تار اب بھٹکل تک بھی جڑنے کے آثار پیدا ہوگئے ہیں ، کیونکہ کل سنیچر کے دن دوپہر کے وقت منشیا ت کے کاروبار سے تعلق ہونے کے الزام میں ایک بھٹکلی نوجوان کے تعلقات ہونے کے شبہ میں اس کے مکان پر پولیس نے چھاپہ مارا اورگھر کی تلاشی لی۔
معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ نوجوان ایک عرصے سے بنگلورو میں ہی مقیم ہے ۔ منشیات کی دنیا سے اس کے تعلقات کے سلسلے میں پولیس نے مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پرقدیم بس اسٹانڈ کے پاس واقع مکان پر جب چھاپہ مارا تو اس وقت مطلوبہ نوجوان گھر پر موجود نہیں تھا۔ اس کو تلاش کرتے ہوئے پولیس بندر روڈ پر واقع اس کی نانی کے گھر تک بھی پہنچ گئی تھی۔ لیکن وہ نوجوان پولیس کے ہاتھ نہیں لگا اور اس کے گھر پر بھی کسی قسم کی نشہ آور چیز پولیس کو نہیں ملی۔
ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ شیواپرکاش دیوارجو نے بتایا کہ بھٹکل کے ایک نوجوان کے تعلق سے خبر ملی تھی کہ بنگلورو میں منشیات کے کاروبار میں وہ ملوث ہے۔اسی پس منظر میں اس کے گھر کی تلاشی لی گئی ہے۔ اس نوجوان کے تعلق سے مزید تفصیلات اکٹھا کی جارہی ہیں۔